اسلام آباد میں وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت فیول ریلیف پروگرام پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے سبسڈی پروگرام پر عمل درآمد اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشہ، اور 800 سی سی گاڑیاں رکھنے والے شہریوں کو ستمبر 2026 کے وسط سے پیٹرول پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ جس کے مطابق رجسٹرڈ موٹرسائیکل اور رکشے پر ماہانہ 2000 روپے اور 800 سی سی گاڑیوں پر ماہانہ 3000 روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی پروگرام مستقبل میں عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہوگا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری پروگرام میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 4 لاکھ 49 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔
حکام کے مطابق مستحقین کے لیے 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 فیول سبسڈی ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال ہوچکے ہیں، جبکہ 4 نومبر 2026 تک پروگرام کے تحت 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔
سبسڈی سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین اور پیٹرول پمپس کی سہولت کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں پروگرام سے متعلق معلومات اور شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا، ضلع خیبر میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، تعداد 9 ہوگئی
وزیراعظم نے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیش بورڈ کی تیاری پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔













جمعرات 5 نومبر 2026 
