نیپرا کا دوہرا فیصلہ، بجلی ایک طرف مہنگی تو دوسری جانب سستی

Calender Icon جمعہ 5 جون 2026

نیپرا(Nepra) نے بجلی صارفین کے لیے بیک وقت ریلیف اور اضافی بوجھ دونوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک جانب اپریل 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب سال 2026 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 1 روپے 98 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونے والا 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافہ ملک بھر کے بجلی صارفین سے جون کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ تاہم اس اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔

دوسری جانب نیپرا نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1 روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی جانے والی یہ رعایت جون، جولائی اور اگست کے بجلی بلوں میں شامل کی جائے گی۔ تاہم اس ریلیف کا اطلاق بھی لائف لائن صارفین، انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہوگا۔

مزیدپڑھیں:موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے بڑا خطرہ ہے: صدر و وزیراعظم

ماہرین کے مطابق اگر دونوں ایڈجسٹمنٹس کو ملا کر دیکھا جائے تو عام صارفین کو مجموعی طور پر تقریباً 79 پیسے فی یونٹ کا خالص ریلیف ملے گا، کیونکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی گئی کمی، فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافے سے زیادہ ہے۔

توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس بجلی کے نرخوں کے تعین کا مستقل حصہ ہیں، جن کے ذریعے پیداواری لاگت، ایندھن کی قیمتوں اور دیگر مالیاتی عوامل کے اثرات صارفین تک منتقل کیے جاتے ہیں۔