ٹیکنالوجی کے ارب پتی اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی Bill Gates نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی کے سامنے بدنامِ زمانہ مجرم Jeffrey Epstein کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے تفصیلی بیان دیا ہے۔
یہ سماعت بدھ کے روز بند کمرے میں ہوئی، جس کے بعد بل گیٹس نے اپنے ابتدائی بیان کا متن اپنی ذاتی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیا۔
اپنے بیان میں بل گیٹس نے واضح کیا کہ انہیں کبھی بھی یہ تاثر نہیں ملا کہ جیفری ایپسٹین کسی جاری مجرمانہ سرگرمی میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ نہ وہ کبھی ایپسٹین کے نجی جزیرے، فارم ہاؤس یا فلوریڈا کے گھر گئے اور نہ ہی انہوں نے کسی کو نقصان پہنچایا۔
تاہم بل گیٹس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ انہیں ایپسٹین سے ملاقات ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق بعد میں انہیں احساس ہوا کہ چاہے ایپسٹین نے خیراتی کاموں کے لیے سرمایہ اکٹھا کرنے کی پیشکش ہی کیوں نہ کی ہو، پھر بھی اس سے تعلق رکھنا درست نہیں تھا۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ “ایپسٹین فائلز” میں بل گیٹس کا نام متعدد بار سامنے آیا ہے، جن میں ان کے اور ایپسٹین کے درمیان ملاقاتوں کے شیڈول، ای میلز اور مختلف فلاحی منصوبوں پر گفتگو کا ذکر شامل ہے۔ ان دستاویزات میں ایسی تصاویر بھی شامل ہیں جن میں بل گیٹس کو ان تقریبات میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں ایپسٹین بھی موجود تھا۔
مزیدپڑھیں:بحرِ ہند میں دنیا کا سب سے بڑا وہیلز کا قبرستان دریافت
بل گیٹس نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات ایپسٹین سے 2011 میں ہوئی، جو اس وقت ہوئی جب ایپسٹین 2008 میں ایک سنگین جرم میں قید کاٹ چکا تھا۔ گیٹس کے مطابق انہیں اس کے ماضی کے بارے میں کچھ علم تھا، لیکن وہ اس کے جرائم کی مکمل سنگینی سے آگاہ نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایپسٹین نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عالمی فلاحی منصوبوں کے لیے اربوں ڈالر اکٹھے کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ابتدائی طور پر اس سے ملاقات پر آمادہ ہوئے۔ تاہم بعد میں ان کے مطابق یہ تمام گفتگو “نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکی” اور 2014 میں رابطے ختم ہو گئے۔
بیان میں بل گیٹس نے یہ بھی کہا کہ ایپسٹین نے ان کی نجی زندگی سے متعلق حساس معلومات جاننے کے بعد ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق ایپسٹین کو ان کی ازدواجی زندگی کے بعض معاملات کا علم تھا، جسے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
دستاویزات میں 2013 کی ایک ای میل بھی شامل ہے جس میں ایپسٹین نے مبینہ طور پر ان کی ذاتی زندگی سے متعلق دعوے کیے، تاہم بل گیٹس نے اس ای میل کو جعلی قرار دیا ہے۔
ایوانی کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس تحقیقات کا مقصد متاثرین کے لیے انصاف اور حکومتی اداروں کی ناکامی کو سمجھنا ہے، جبکہ مزید اہم شخصیات کو بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔












جمعرات 11 جون 2026 