وزارتِ مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ نئے اسلامی سال اور محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 15 جون کی شام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد(Historic badshahi mosque) میں منعقد ہوگا۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے تاکہ چاند کی شہادتیں جمع کی جا سکیں۔
اس سلسلے میں اسلام آباد کی زونل کمیٹی کا اجلاس وزارتِ مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں ہوگا۔ مرکزی کمیٹی کے چیئرمین ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد محرم الحرام کے چاند کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
دوسری جانب، محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور مجالس و عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی سیکیورٹی آپریشنز سلیمان ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ محمد یوسف، سینیئر پولیس حکام، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور رضا کاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ اور منتظمین کے درمیان قریبی روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مزید پڑھیں:یکم تا 10 محرم ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد
پولیس حکام نے اعادہ کیا کہ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس الرٹ رہے گی۔












جمعرات 11 جون 2026 