ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا، وزیراعظم اور فیلڈمارشل عاصم منیرکی شرکت

Calender Icon جمعہ 12 جون 2026

مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر(Helicopter) حادثے کے شہدا کی چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی ، جس میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکت کی۔

مظفرآباد میں حادثے کا شکار ہونے والے پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے شہدا کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔

چکلالہ گیریژن میں ہونے والی نمازِ جنازہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطا تارڑ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہدا کے اہل خانہ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس سے قبل شہدا کی نمازِ جنازہ مظفرآباد میں بھی ادا کی گئی تھی، جس میں قائم مقام صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر، کور کمانڈر اور مقامی شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

حادثے میں شہید ہونے والے دو مسیحی جوانوں کی آخری رسومات راولپنڈی کے تاریخی ‘کرائسٹ چرچ’ میں ادا کی گئیں، ان رسومات میں بھی ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شہدا کو الوداع کہا۔

مزیدپڑھیں:ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ “شہدا کی فرض شناسی اور مادرِ وطن کی حفاظت کا عزم ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس مشکل وقت میں پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور ان کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔”

آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان تمام بہادر سپوتوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے جسدِ خاکی آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ قوم اپنے ان ہیروز کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ دلوں میں زندہ رکھے گی۔