حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا،عطاء اللہ تارڑ

Calender Icon ہفتہ 13 جون 2026

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ(Ata Tarar) نے کہا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک ایسا بجٹ تیار کیا ہے جو براہِ راست عوام کو ریلیف فراہم کرتا ہے اور ملک کی معیشت کو استحکام کی طرف لے جا رہا ہے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر ممکن موقع پر ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرتے ہیں۔ ان کے مطابق معاشی ٹیم نے مسلسل محنت اور مربوط حکمت عملی کے تحت ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ تشکیل دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو خصوصی ریلیف دیا گیا ہے جبکہ متوسط طبقے کو جائیداد کی خرید و فروخت میں درپیش مشکلات کے حل کے لیے ٹیکس نظام میں گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن طبقے کے لیے ’’اپنا گھر سکیم‘‘ متعارف کرائی گئی ہے تاکہ کمزور طبقات کو رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔

مزیدپڑھیں:مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے والے ثاقب چڈھر کے خلاف ایک اور خاتون نے مقدمہ کردیا

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ بجٹ کسان، مزدور، تنخواہ دار اور ہر طبقے کی نمائندگی کرتا ہے اور حکومت نے تمام شعبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی ریلیف کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کو موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل وزیراعظم کی خصوصی نگرانی میں مکمل ہوا ہے جس سے ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھے گی اور بدعنوانی میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس اکانومی کے فروغ سے معیشت کا بڑا حصہ دستاویزی ہو رہا ہے جس سے نظام بہتر اور زیادہ مؤثر بنے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا انتظار کر رہے تھے لیکن حکومت نے سخت محنت سے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور استحکام کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔