وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم : طلبا کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

Calender Icon ہفتہ 13 جون 2026

 وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم (Laptop Scheme)کے تحت گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کردیئے، جس سے ان کے تعلیمی و تحقیقی مواقع میں واضح اضافہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں “وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم فیز فور” کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ نہال ہاشمی تھے، جنہوں نے یونیورسٹی پہنچ کر ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

یہ اقدام ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک بڑا سنگ میل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور میڈیا سے گفتگو میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے 103 منتخب طلبہ کو جدید ترین لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں، جس سے ان کے تعلیمی و تحقیقی مواقع میں واضح اضافہ متوقع ہے۔

تقریب میں موجود کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام، ڈاکٹر فہد شفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس بار بھی بجٹ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لیے سب سے زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

مزیدپڑھیں:بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ہے، وزیراعظم

انہوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں “وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ انیشیٹو” کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

ڈاکٹر فہد شفیق نے اسکیم کی کامیابی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا اس فیز کے دوران ملک بھر کے طلبہ میں مجموعی طور پر 30,000 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائیر ایجوکیشن کی سطح پر اب تک 33 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں لیپ ٹاپس کی تقسیم کا عمل کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، اور اب صرف 2 یونیورسٹیاں باقی رہ گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پورٹل (pmyt.gov.pk) پہلے سے مکمل طور پر فعال اور آپریشنل ہے، اور اس بار پوری اسکیم کو تاریخ میں پہلی مرتبہ انتہائی منظم اور کوآرڈینیٹڈ طریقے سے شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور طلبہ نے گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیپ ٹاپس متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل دنیا میں آگے بڑھنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوں گے۔