امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، امریکا اور ایران میں معاہدہ طے پا گیا

Calender Icon پیر 15 جون 2026

امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب ہوگئیں، وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں مزید لکھا مذاکرات کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، دونوں فریقوں نے تمام محاذوں پر بشمول لبنان میں فوری اور مستقل طور پر عسکری کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔


اعلامیے کے مطابق اس معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب جمعہ 19 جون کو سوئٹزر لینڈ میں ہوگی، بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کے حصول پر دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے جنہوں نے اس تنازع کے سفارتی حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کیں۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026، جرمنی کی میگا ایونٹ میں دھماکہ خیز انٹری، کیورا ساؤ کو 7-1 سے شکست

اعلامیہ میں اس کے ساتھ ساتھ ثالثی کے عمل میں کردار ادا کرنے والے ممالک کی بھی تعریف کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق اس عمل میں قطر کی قیادت اور حمایت کو خاص طور پر سراہا گیا ہے، اسی طرح سعودی عرب، ترکیہ کی قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بعد ثالث آئندہ چند دنوں میں ایک سلسلہ وار ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی اجلاس معاہدے پر عمل درآمد سے قبل تکنیکی بات چیت اور باضابطہ دستخطی تقریب کی تیاری کی بنیاد رکھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم ثالثی کی کوششوں میں اپنے برادر ملک قطر کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے اس معاہدے تک پہنچنے میں اہم معاونت فراہم کی۔ معاہدہ طے ہونے کے بعد ثالث کو اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی ملاقاتیں تکنیکی مذاکرات اور دستخط کی سرکاری تقریب کی بنیاد فراہم کریں گی۔