’’محفوظ محرم‘‘اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی ایپ تیار، مجالس و جلوسوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام فعال

Calender Icon جمعرات 18 جون 2026

وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام(Muharram al-Haram) کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی بار ’’محفوظ محرم‘‘ کے نام سے خصوصی موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے، جبکہ تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ’’محفوظ محرم‘‘ ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ افراد، مشکوک سرگرمیوں اور نامکمل حفاظتی انتظامات کی فوری اطلاع دے سکیں گے، ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ متعلقہ ادارے بروقت کارروائی کر سکیں۔

حکام کے مطابق تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے چار درجاتی حصار قائم کیا گیا ہے جبکہ نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:اب کسی بھی گھر پر موبائل ٹاور لگ سکے گا، قومی اسمبلی سے نیا بل منظور

وزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں، انہوں نے اہلکاروں کے کھانے پینے اور دیگر سہولیات کے معیاری انتظامات کو بھی بروقت یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، وزیر داخلہ نے اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی بھی ہدایت کی۔

بریفنگ کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ امن اور نگہبان کمیٹیوں کو فعال بنا دیا گیا ہے، انتظامیہ علماء، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔

اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔