فاطمہ ثنا دی ہنڈریڈ لیگ کیلئے منتخب، پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں

Calender Icon جمعرات 18 جون 2026

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو انگلینڈ (England)کی معروف دی ہنڈریڈ لیگ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو برمنگھم فینکس نے وائلڈ کارڈ ڈرافٹ کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ فاطمہ ثنا کو آسٹریلیا کی لوسی ہیملٹن کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فاطمہ ثنا کو اس لیگ میں شرکت کے لیے 15 ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جائے گا جو ان کے کیریئر میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

فاطمہ ثنا اس وقت آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ایک میچ میں اگرچہ پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم فاطمہ کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کے دوران مشکلات کا شکار رہی اور ایک موقع پر اس کے آٹھ کھلاڑی صرف 50 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ ایسے میں فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز اسکور کیے۔

فاطمہ ثنا ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے اور تین وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کپتان بھی بن گئی ہیں جو ان کے آل راؤنڈ ٹیلنٹ کی واضح مثال ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان ہاکی فیڈریشن کا انڈر 18 ویمنز ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر بھیجنے کا فیصلہ

دی ہنڈریڈ لیگ میں ان کی شمولیت کو پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف ان کے کیریئر کو تقویت ملے گی بلکہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی بین الاقوامی مواقع کے دروازے کھلیں گے۔