خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، بارشوں(Rain) نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، موسلا دھار بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 9 افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واقعات ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان)، دیر اپر، کوہاٹ اور اورکزئی کے اضلاع میں پیش آئے، تیز آندھی اور بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 4 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 3 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔
مزیدپڑھیں:پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کردیا
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امدادی سامان فراہم کیا جائے اور ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور مقامی ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور بالخصوص حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال یا موسمی معلومات کے لیے شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔












جمعہ 19 جون 2026 