اسحاق ڈار 21 جون کو قاہرہ میں آر-4 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ پاکستان اسحاق ڈار(ishaq dar) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 21 جون 2026 کو منعقد ہونے والے آر-4 ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کی دعوت پر منعقد ہو رہا ہے۔

اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران خطے میں جاری اہم پیش رفت، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آر-4 فورم کے گزشتہ اجلاسوں میں طے پانے والے نکات کی روشنی میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقۂ کار پر بھی غور کیا جائے گا۔ چاروں ممالک علاقائی چیلنجز سے نمٹنے، سفارتی روابط کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

مزیدپڑھیں:حکومت کا بڑا ریلیف، پٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا

دورۂ مصر کے دوران نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ دوطرفہ مشاورت بھی کریں گے، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔

سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اہم علاقائی مسائل پر ہم آہنگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔