گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروانے کا طریقہ سامنے آگیا

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

 گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس(Driving License) کی تجدید کروانے کا طریقہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سروس کو باقاعدہ طور پر ‘دستک ایپ’ پر منتقل کر دیا۔

اب پنجاب بھر کے شہری لائسنس سینٹرز کے چکر کاٹے بغیر گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعے لائسنس کی تجدید کروا سکیں گے۔

دستک ایپ پر لائسنس سروسز کی منتقلی کے بعد، اب پورا نظام آن لائن کر دیا گیا ہے، جہاں درخواست گزار اپنے کوائف درج کرنے، دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور فیس کی ادائیگی کے بعد اپنے لائسنس کی ڈیلیوری کو آن لائن ٹریک بھی کر سکتا ہے۔

تجدید کے لیے درکار دستاویزات

درخواست دینے سے پہلے شہری کے پاس ضروری دستاویزات ہونے چاہیئے۔

تازہ ترین تصویر (پاسپورٹ سائز)

اصل شناختی کارڈ کی فرنٹ اور بیک تصویر

ڈرائیونگ لائسنس کی فرنٹ اور بیک کاپی اور میڈیکل سرٹیفکیٹ ، اگر درخواست گزار کی عمر 50 سال سے زائد ہے تو سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔

فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس۔

دستک ایپ سے اپلائی کرنے کا طریقہ

سب سے پہلے پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ‘Dastak App’ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنا نام، شناختی کارڈ اور موبائل نمبر درج کر کے اکاؤنٹ بنالیں۔

لاگ ان کرنے کے بعد ‘Driving License Services’ میں جائیں اور ‘Regular Driving License Renewal’ کا آپشن منتخب کریں۔

فارم میں اپنا لائسنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، تاریخِ پیدائش اور کیٹیگری بالکل درست درج کریں پھر شناختی کارڈ، پرانے لائسنس کی تصاویر اور اپنی تصویر اپ لوڈ کریں۔

فارم مکمل ہونے پر سسٹم ایک PSID نمبر جنریٹ کرے گا، اس نمبر کے ذریعے آپ موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم کے ذریعے سرکاری فیس ادا کریں۔

مزیدپڑھیں:یکم جولائی سے ایئر بلیو پاکستان کی پہلی مکمل کیش لیس ایئر لائن بن جائے گی

فیس کی ادائیگی کے بعد ایپ میں درخواست فائنل جمع کر دیں، اس کے بعد آپ ‘DLIMS’ یا دستک ایپ کے ذریعے اپنے لائسنس کا اسٹیٹس (منظور، انڈر ریویو یا ڈسپیچ) چیک کر سکتے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے اپلائی کریں، معیاد ختم ہونے کی صورت میں لیٹ فیس جرمانہ سسٹم خودکار طریقے سے فیس میں شامل کر دے گا، جو کہ لائسنس کی تاریخِ تنسیخ (1 مہینے سے 1 سال یا اس سے زائد) کے حساب سے مختلف ہوگا.

محکمہ ٹریفک پولیس اور دستک انتظامیہ کے مطابق مختلف غلطیوں کی وجہ سے درخواستیں تاخیر کا شکار ہو جاتی ہیں ،جیسے شناختی کارڈ یا پرانے لائسنس کی دھندلی تصاویر اپ لوڈ کرنا۔

غلط شناختی کارڈ یا لائسنس نمبر درج کر دینا یا فیس ادا کرنے کے بعد ایپ میں ‘فائنل سبمٹ’ کا بٹن دبانا بھول جانا جبکہ 50 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود میڈیکل سرٹیفکیٹ شامل نہ کرنا۔