یونان(Greece) کے جزیرے کریٹ کے قریب گذشتہ روز 5.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یورپی بحیرہ روم زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 13 کلومیٹر (8 میل) ریکارڈ کی گئی جو نسبتاً کم گہرائی تصور کی جاتی ہے اور اسی وجہ سے جھٹکے سطح زمین پر زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز یونان کے شہر ریتھیمنو کے جنوب جنوب مغرب میں تقریباً 69 کلومیٹر کے فاصلے پر زیر زمین واقع تھا،زلزلے کے جھٹکے قریبی علاقوں کے ساتھ ساتھ جزیرے کے کئی حصوں میں بھی محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
مزیدپڑھیں:این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے فوری بعد صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور ہنگامی اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے، اب تک کسی بڑے نقصان یا ہنگامی صورتحال کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ماہرین ارضیات کے مطابق اس نوعیت کے زلزلے خطے میں موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کا نتیجہ ہوتے ہیں، تاہم وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک یا بعد کے جھٹکوں سے نمٹا جا سکے۔
حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر خوف زدہ نہ ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔












اتوار 21 جون 2026 