امیتابھ اور جیتندر کیساتھ کام کرنے سے مجھے بڑا فائدہ ہوا، شتروگھن سنہا

Calender Icon پیر 22 جون 2026

بالی ووڈ کے سینئر اداکار شتروگھن سنہا Senha) (Shatroo Ghanکا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن اور جیتندر کے ساتھ کام کرنے سے انھیں بڑا فائدہ ہوا۔

باوجود اس کے کہ امیتابھ بچن اور شتروگھن سنہا نے ایک ساتھ کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا، لیکن ان کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کشیدہ رہے تھے۔

بہار کے شہر پٹنہ سے تعلق رکھنے والے 80 سالہ شتروگھن سنہا جنھوں نے 1969 کی فلم سجن میں ایک چھوٹے سے کردار سے اپنا کیریئر شروع کیا۔ انھوں نے حال ہی میں ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امیتابھ بچن اور جیتندر کے ساتھ کام سے کافی سیکھا۔

گائیکی کے ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کی ایک تقریب کے دوران میزبان ادیتیا نارائن سے گفتگو کے دوران شتروگھن سنہا نے کہا امیتابھ بچن ہم سب کے اچھے دوست رہے ہیں، ہم نے ایکساتھ کافی فلمیں کیں جن میں بہت سی فلمیں کامیاب بھی رہیں۔ اسی طرح جیتندر جو ہمارے بہت پرانے اور بہترین دوست ہیں کبھی کسی کے معاملے میں مداخلت نہیں کرتے اور ہمیشہ مدد گار دوست تھے۔

انہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن ایک حقیقی غیر معمولی اداکار رہے ہیں ان دونوں کے ساتھ کام کرنے سے مجھے کافی فائدہ ہوا۔ جیتندر نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور امیتابھ بھی واقعی ایک شاندار اداکار ہیں۔ دونوں کے ساتھ کام سے میرے حس مزاح کو مزید نکھار ملا۔

امیتابھ بچن اور شتروگھن سنہا نے جن فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ان میں کالا پتھر، دوستانہ، شان، نصیب، پرورش اور بمبئی ٹو گوا جیسی فلمیں شامل ہیں۔ اگرچہ دونوں نے کئی سپرہٹ فلمیں دیں، لیکن امیتابھ بچن اور شتروگھن سنہا کے درمیان 1970 اور 1980 کی دہائی میں پیشہ ورانہ تعلقات کشیدہ رہے۔

شتروگھن سنہا نے اپنے متعدد انٹرویوز میں یہ بات کہی تھی کہ انہیں بعض اوقات ایسا محسوس ہوا کہ فلم انڈسٹری میں کچھ لوگ ملٹی اسٹارر فلموں میں ان کے کردار یا اسکرین اسپیس کو محدود کرنے کی کوشش کرتے تھے، کیونکہ ناظرین ان کی اداکاری اور مقبولیت کو بہت پسند کرتے تھے۔ اسی وجہ سے ان کے اور امیتابھ بچن کے درمیان مبینہ طور پر ایک سرد جنگ کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔

مزید پڑھیں:لاہور، نامور لوک اور اسٹیج گلوکار طارق طافو انتقال کر گئے

تاہم وقت کے ساتھ دونوں نے اپنے اختلافات کو پیچھے چھوڑ دیا اور ایک دوسرے کے بارے میں باوقار انداز میں بات کی۔ جہاں تک جیتندر اور شتروگھن سنہا کا تعلق ہے تو دونوں نے کئی مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں پرورش، مانگ بھرو سجنا، جانی دشمن، جیوتی بنے جوالا، خود غرض، مقصد، ہوشیار اور آگ اور شعلہ شامل ہیں۔