قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولرشعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد کرکٹ اور سماجی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شعیب اختر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھائی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ، “انتہائی رنج اور غم کے ساتھ یہ اطلاع دے رہا ہوں کہ میرے پیارے بڑے بھائی شاہد اختر اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے حضور واپس چلے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔”
خاندانی ذرائع کے مطابق شاہد اختر نہ صرف شعیب اختر کے بڑے بھائی تھے بلکہ وہ ان کے پبلک ریلیشنز (پی آر) مینیجر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ مختلف عوامی، سماجی اور پیشہ ورانہ معاملات میں شعیب اختر کے قریبی معاون تھے اور ان کے انتظامی امور کی نگرانی بھی کرتے تھے۔
مزید پڑھیں:شعیب اختر، کرکٹ ٹیم پر سخت تنقید، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی کپتانی کیلیے نئی تجویز دیدی
ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد میں ادا کی جائے گی، جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب، کرکٹ سے وابستہ شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔
شاہد اختر کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سابق اور موجودہ کرکٹرز، سماجی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے شعیب اختر اور ان کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم شاہد اختر کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔












بدھ 24 جون 2026 