شراب نوشی کے الزامات، بلال سعید نے خاموشی توڑ دی

Calender Icon پیر 29 جون 2026

پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید(Bilal Saeed) نے لندن میں ساتھی گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو پر خاموشی توڑتے ہوئے شراب نوشی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں بلال سعید اور آئمہ بیگ کو لندن کے مشہور علاقے سوہو میں مداحوں سے ملاقات، سیلفیاں بنواتے اور وقت گزارتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ دونوں فنکار شراب نوشی کر رہے تھے، جس کے باعث یہ معاملہ تیزی سے زیرِ بحث آ گیا۔

بلال سعید نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اور آئمہ بیگ لندن میں اپنی نئی میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھے اور وائرل ہونے والی ویڈیوز بھی اسی دوران خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

گلوکار نے واضح کیا کہ ہمارے ہاتھوں میں موجود کپوں میں شراب نہیں بلکہ کافی تھی۔ لوگوں پر زور دیا کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ویڈیوز کو غور سے دیکھیں اور بغیر تصدیق کے افواہوں پر یقین نہ کریں۔

پاکستان کی نمائندگی سے متعلق ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے بلال سعید نے کہا کہ مجھے کسی سے یہ سیکھنے کی ضرورت نہیں کہ اپنے ملک کی نمائندگی کیسے کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں کئی برسوں سے اپنی موسیقی اور صلاحیت کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرتا آ رہا ہوں اور آئندہ بھی ایسا کرتا رہوں گا۔بلال سعید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ویڈیو بغیر اجازت خفیہ طور پر بنائی گئی اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کر دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے ارد گرد موجود کچھ افراد شراب نوشی کر رہے تھے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں یا آئمہ بیگ بھی ایسا کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں:آئرش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا مستعفی ہونے کا اعلان

آخر میں بلال سعید نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اللّٰہ کا خوف کریں، غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی دعوے پر یقین کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق ضرور کریں۔