پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان ہائی پرفارمنس کرکٹ سنٹر کے قیام کے لیے 25 سالہ مفاہمتی یادداشت (Memorandum of Understanding)) پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے مطابق ایبٹ آباد یونیورسٹی اپنے کیمپس میں کرکٹ گراؤنڈ کے لیے زمین فراہم کرے گی جبکہ پی سی بی جدید معیار کے مطابق کرکٹ گراؤنڈ تعمیر کرے گا۔ گراؤنڈ میں اعلیٰ معیار کی میچ اور پریکٹس پچز، پویلین، جدید مشینری اور ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کے مطابق تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یونیورسٹی کھلاڑیوں اور کوچز کی رہائش کے لیے اپنے ہوسٹل اور میس کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرے گی جبکہ پی سی بی اس گراؤنڈ کو سال بھر ریجنل ٹریننگ کیمپوں اور ریجنل اکیڈمی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرے گا۔
اس منصوبے سے ایبٹ ریجن کے انڈر 15، اسکول، فرسٹ کلاس اور دیگر سطحوں کے کرکٹرز کو جدید تربیتی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے خطے میں کرکٹ کے فروغ کو نئی تقویت ملے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر پی سی بی کے سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شارون اور ایبٹ آباد یونیورسٹی کے حکام نے دستخط کیے۔
مزید پڑھیں:زرمبادلہ ذخائر مستحکم، حکومت کا ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ، مشیر نجکاری
اس موقع پر اسامہ شارون نے کہا کہ یہ منصوبہ ایبٹ ریجن کے کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند اور حوصلہ افزا قدم ہے، جو مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے اور قومی سطح پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔












ہفتہ 4 جولائی 2026 