بھارتی ٹی وی کے مقبول اور طویل عرصے سے نشر ہونے والے کامیڈی ڈرامے ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“(Tarak Mehta ka Ulta Chashma) میں باگھا کا کردار ادا کرنے والے اداکار تنمے ویکاریا(Tanmay Vekaria) نے انکشاف کیا ہے کہ برسوں تک ایک ہی کردار نبھانے کی وجہ سے انہیں کمر کے درد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم وہ آج بھی اسی جذبے اور محبت کے ساتھ یہ کردار ادا کر رہے ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ ٹیلی چکر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار تنمے ویکاریا نے اپنی جسمانی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باگھا کے کردار کے لیے مسلسل آگے کی طرف جھک کر چلنے اور خاص اندازِ گفتگو کی اداکاری کرتے ہوئے اب ان کی کمر میں اتنا درد رہنے لگا ہے کہ سیدھا کھڑا ہونے پر بھی ان کی کمر میں تکلیف ہوتی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے کردار سے بے حد محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ، جب میں اس کردار میں آ جاتا ہوں تو نہ درد کا خیال رہتا ہے اور نہ ہی ان حرکات کا جو مجھے کرنی ہوتی ہیں۔ میں ہر لمحے سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ میں خوشی خوشی شوٹنگ پر آتا ہوں اور سیٹ پر ہمیشہ خوشگوار ماحول ہوتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہم ناظرین کو اتنے عرصے سے مسلسل تفریح فراہم کر پا رہے ہیں۔
تنمے ویکاریا نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنے کیریئر کے آغاز سے متعلق بھی دلچسپ انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ باگھا کا کردار ملنے سے پہلے وہ ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ میں کئی مختصر کردار ادا کر چکے تھے۔
انہوں نے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں کام کی تلاش میں ڈرامے کے ڈائریکٹر کے پاس گیا تو مجھے تین دن کے لیے پولیس انسپکٹر کا ایک چھوٹا سا کردار دیا گیا، اسی دوران سیٹ پر لفٹ کے قریب میری ملاقات سہیل بھائی سے ہوئی۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں کون سا کردار کر رہا ہوں اور مشورہ دیا کہ یہ کردار نہ کروں۔ پھر انہوں نے مجھے باگھا کے کردار کے بارے میں بتایا اور آڈیشن دینے کا کہا۔ میں نے آڈیشن دیا اور منتخب ہو گیا۔
مزیدپڑھیں:میکسیکو، انگلینڈ میچ نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چونکہ وہ ڈرامے کے اہم اداکار دلیپ جوشی یعنی جیٹھا لال کے ساتھ پہلے بھی تھیٹر میں کام کر چکے تھے، اس لیے ان کے درمیان پہلے سے ہی ایک اچھا تعلق تھا اور اسی اچھی ہم آہنگی نے اسکرین پر بھی نیچرل کیمسٹری پیدا کر دی۔
واضح رہے کہ باگھا ”تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ“ کے مقبول ترین کرداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کردار کو تنمے ویکاریا کئی برسوں سے نبھا رہے ہیں۔ باگھا اپنی معصوم طبیعت، مزاحیہ انداز، منفرد جسمانی حرکات اور جیٹھالال کے الیکٹرانکس اسٹور میں کام کرنے کی وجہ سے ناظرین میں بے حد مقبول ہے اور شو کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔












جمعرات 9 جولائی 2026 