گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا،وزیراعظم

Calender Icon جمعہ 10 جولائی 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے، وفاقی حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے بنیادی ڈھانچے، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف (Shehbaz Sharif) سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، جس میں علاقے کی ترقی، عوامی مسائل، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے عوام کی آواز ہوتے ہیں اور انہی کے ذریعے حکومت کو عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز اور سفارشات حکومت تک پہنچاتے رہیں، کیونکہ یہ تجاویز حکومتی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سڑکوں اور مواصلاتی نظام کی ترقی، توانائی کے منصوبوں، تعلیم، صحت، سیاحت کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ علاقے کے عوام کو ترقی کے ثمرات براہِ راست پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور دلکش سیاحتی مقامات سے مالا مال خطہ ہے، جنہیں مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر مقامی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جائے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کو حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں چار دانش اسکولوں کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور آئندہ سال سے ان تعلیمی اداروں میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اسی طرح شمسی توانائی سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جس سے علاقے میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔

مزیدپڑھیں:کراچی کی سڑکوں پر صرف میٹر والے رکشے چلانے کا فیصلہ

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار (Ishaq Dar) کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔ یہ کمیٹی گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان کی جانب سے پیش کی گئی قابلِ عمل تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام (Amir Muqam) اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ (Rana Sanaullah) شامل ہیں۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار (Ishaq Dar)، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ (Attaullah Tarar)، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام (Amir Muqam) اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ (Rana Sanaullah) بھی شریک تھے۔