حکومت کا ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ متوقع

Calender Icon بدھ 15 جولائی 2026

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے تعین میں حکومتی کردار محدود ہو جائے گا اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کو زیادہ اختیارات دیے جانے کا امکان ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت اوگرا ہر روز رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا، جبکہ نئی قیمتیں رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا کو موٹر اسپرٹ (Motor Spirit)، یعنی پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل (High Speed Diesel)، لائٹ ڈیزل آئل (Light Diesel Oil) اور مٹی کے تیل (Kerosene Oil) کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔

مزیدپڑھیں:ڈیجیٹل میڈیا کو فروغ دیں گے مگر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی قیمت پر نہیں، عطاء اللہ تارڑ

پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق مجوزہ نظام میں حکومت کا قیمتوں کے حتمی تعین میں براہ راست کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، شرح مبادلہ اور دیگر متعلقہ عوامل کی بنیاد پر قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کیا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے عمل کو زیادہ شفاف اور مارکیٹ کے مطابق بنانا ہے، تاہم نئے طریقہ کار کی حتمی منظوری اور نفاذ سے متعلق فیصلہ حکومت کرے گی۔