‘فکسڈ ٹیکس اسکیم’ میں رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری، چھوٹے تاجروں کو کیا فائدہ ہوگا؟

Calender Icon بدھ 15 جولائی 2026

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (fbr) نے ملک کے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ’فکسڈ ٹیکس اسکیم‘ کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے جس کا مقصد ٹیکس کے نظام کو انتہائی آسان بنانا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم کے تحت دکانداروں کی مجموعی سالانہ فروخت یعنی ٹرن اوور پر صرف ایک فیصد ٹیکس لینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس اسکیم سے وہ تمام دکاندار فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی ایک دکان ہو اور ان کا سالانہ ٹرن اوور بیس کروڑ روپے تک ہو۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس اسکیم کی کامیابی سے سالانہ پچاس ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔

یہ اسکیم مکمل طور پر رضاکارانہ ہے، یعنی چھوٹے دکاندار اگر چاہیں تو اس اسکیم کا حصہ بنیں اور اگر وہ نہ چاہیں تو عام انکم ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

اس اسکیم میں شامل ہونے کے لیے سالانہ کم از کم پچیس ہزار روپے ٹیکس نقد جمع کرانا لازمی ہوگا۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ وہ دکاندار جن کی ایک سے زائد دکانیں ہیں، وہ اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

اس کے علاوہ بڑے ریٹیلرز (ٹیئر ون)، جیولرز اور مختلف شعبوں میں پروفیشنل سروسز فراہم کرنے والے افراد کو بھی اس اسکیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے اس مجوزہ مسودے پر عوام اور تاجروں سے سات دنوں کے اندر اعتراضات اور تجاویز مانگ لی ہیں۔

اس اسکیم میں رجسٹریشن کا طریقہ بھی بہت آسان رکھا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:فیفا سیمی فائنل: شائقین کو میسی اور کین کی ٹکر کا بے صبری سے انتظار، میچ کے ٹکٹ دوگنا مہنگے

تاجر ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا اپنے قریبی ٹیکس دفتر جا کر خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

اس اسکیم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے تحت اہل دکانداروں کو ایک ”گرین پلیٹ“ جاری کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس معاملات کے لیے ایف بی آر کے افسران گرین پلیٹ والی دکان کے اندر داخل نہیں ہوں گے۔

اس کے ساتھ ہی اسکیم میں شامل ہونے والے چھوٹے دکانداروں کو اپنی دکانوں پر پی او ایس (پوائنٹ آف سیل) مشین لگانے کی شرط سے بھی استثنا حاصل ہوگا اور وہ ٹیکس آڈٹ کے جھنجھٹ سے بھی بچ جائیں گے۔

تاہم دکانداروں کو اپنے فارم میں خالص منافع، دیگر ذرائع سے ہونے والی آمدن اور ادا کردہ مجموعی ٹیکس کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

اس کے علاوہ غیر منقولہ پراپرٹی، بینک بیلنس، دستیاب کیش اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات فارم میں درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کی سہولت کے لیے ایک صفحے کا انتہائی آسان ٹیکس ریٹرن فارم بھی متعارف کروایا ہے جس میں کاروبار کا نام، پتہ، شناختی کارڈ نمبر اور کاروبار کی نوعیت درج کرنا ہوگی۔

دکانداروں کو اپنی اشیاء کی سالانہ فروخت، خریداری اور کاروباری اخراجات بھی اس فارم میں لکھنا ہوں گے۔

ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کاروباری سرگرمی معمولی دکھائی گئی لیکن اس کے مقابلے میں بھاری اثاثے خریدے گئے تو ایسی صورت میں آڈٹ کیا جائے گا۔

ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے اسکیم کا غلط استعمال کرنے یا معلومات چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور اس مقصد کے لیے ایف بی آر کو کسی بھی تھرڈ پارٹی سے ملنے والی معلومات پر کارروائی کرنے کا پورا اختیار دیا گیا ہے۔

رجسٹریشن کیسے کرائیں؟
آپ درج ذیل دستاویزات اور مراحل پر عمل کر کے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں:

ضروری دستاویزات اور معلومات
ڈیجیٹل فارم شروع کرنے سے پہلے یہ معلومات اپنے پاس تیار رکھیں:

دکان کے مالک کا شناختی کارڈ نمبر

وہ موبائل نمبر جو آپ کے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہو

ایک فعال ای میل ایڈریس

کاروبار کی جگہ کی تفصیلات (جیسے پتہ اور بجلی کے بل کا کنزیومر نمبر)

کاروبار کا بنیادی تخمینہ (دکان کا سائز اور سالانہ فروخت/ٹرن اوور وغیرہ)

رجسٹریشن کا مرحلہ وار طریقہ کار
بنیادی عمل کچھ یوں ہے:

سب سے پہلے شناختی کارڈ کے ذریعے این ٹی این حاصل کریں ، پھر آئرس (Iris) یا ٹیکس آسان ایپ پر لاگ ان کریں، ایک صفحے پر مشتمل اردو یا انگریزی فارم پُر کریں، فارم جمع کرائیں اور کم از کم 25,000 روپے ٹیکس ادا کریں۔

اس کی مکمل تفصیل نیچے دی گئی ہے:

نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کریں: اگر آپ پہلے سے ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں ہیں، تو اپنا نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر پورٹل پر اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے سائن اپ کریں۔

اسکیم کے مینو میں جائیں: اپنے موبائل پر ”ٹیکس آسان ایپ“ کھولیں یا کمپیوٹر پر ایف بی آر کے ”آئرس پورٹل“ (Iris Portal) پر لاگ ان کریں۔ وہاں موجود فکسڈ ٹیکس اسکیم یا تاجر دوست ماڈیول کا انتخاب کریں۔

آسان فارم پُر کریں: ایف بی آر نے رجسٹریشن کے لیے ایک صفحے کا انتہائی آسان فارم دیا ہے جو اردو، انگریزی، سندھی، بلوچی اور پشتو زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس فارم میں اپنی دکان کا سائز، کاروبار کی نوعیت اور سالانہ مجموعی فروخت (ٹرن اوور) درج کریں۔

ٹیکس کی ادائیگی: اس اسکیم کے تحت آپ کی سالانہ فروخت پر صرف ایک فیصد ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ تاہم، اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے آپ کو کم از کم 25,000 روپے کا بنیادی ٹیکس نقد جمع کرانا لازمی ہوگا۔

گرین کیو آر کوڈ پلیٹ حاصل کریں: جب آپ کی درخواست منظور ہو جائے گی، تو ایف بی آر کی جانب سے آپ کو ایک سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ (تختی) جاری کی جائے گی جس پر ایک مخصوص کیو آر کوڈ ہوگا۔ اس پلیٹ کو آپ نے اپنی دکان کے باہر یا سامنے نمایاں جگہ پر لگانا ہوگا۔