پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے این سی ایم سی کے اہم فیصلے

Calender Icon جمعرات 16 جولائی 2026

پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے این سی ایم سی (NCMC)نے اہم فیصلے کر لیے۔

نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) کے اجلاس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور سپلائی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، این سی ایم سی کے اراکین، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، کسٹمز ایف بی آر، اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور دستیاب اسٹاک ملکی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جولائی کے پہلے 15 روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے کے باعث سپلائی سے متعلق خدشات پیدا ہوئے تاہم او سی اے سی کے نمائندوں نے ان خدشات کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کے ذریعے انہیں دور کر دیا ہے۔

اوگرا کے تجزیے میں ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی نشاندہی کی گئی جس پر این سی ایم سی نے اوگرا کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

مزیدپڑھیں:کینیڈا کی مستقل رہائش صرف 14 روز میں؟ پاکستانیوں کے لیے اہم خبر آگئی

اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو بھی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل اور بلا رکاوٹ سپلائی برقرار رکھنے کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھنے کی تاکید کی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خطے میں جاری کشیدگی کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں معاشی صورتحال، پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور ہنگامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے اور ہنگامی ضرورت کی صورت میں بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم نے گزشتہ سادگی اور کفایت شعاری مہم میں عوام کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی بچت کی قومی مہم میں عوام کے تعاون کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔

وزیراعظم نے مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے سے مستقبل میں ملکی معیشت متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہے، اس لیے پیشگی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایندھن کی فراہمی اور ذخائر کو بھی یقینی بنا لیا گیا ہے۔