پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سے منسوب ایک وائرل ویڈیو پر ان کی اہلیہ سامعہ خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے ردعمل دے دیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر بھارت کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں ایک شخص کو ٹرین میں سفر کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں موجود شخص پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ہیں۔
تاہم اس دعوے کے بعد حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے وائرل ویڈیو پر ردعمل دیا۔
سامعہ خان نے لکھا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ دونوں ممالک کے لوگ کسی بھی جھوٹی خبر پر آسانی سے یقین کر لیتے ہیں اور بغیر تصدیق کے اسے مزید پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بھارت گئے ہوئے تین سال ہو چکے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ لوگ ہمیں یاد کر رہے ہیں اور شاید بلانے کا کوئی نہ کوئی بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔
سامعہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ہنستے ہوئے ایموجیز بھی شامل کیے، جس سے ظاہر ہوا کہ انہوں نے اس وائرل دعوے کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے مزاحیہ انداز میں مسترد کیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر کے حوالے سے اکثر غیر مصدقہ دعوے بھی گردش کرتے رہتے ہیں، اس لیے کسی بھی خبر یا ویڈیو پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔ حسن علی کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔












پیر 20 جولائی 2026 


