ریٹائرمنٹ کی افواہوں پر روہت شرما کا دوٹوک مؤقف، 2027 ورلڈ کپ کھیلنے کا عزم

Calender Icon پیر 20 جولائی 2026

بھارت کے سابق کپتان اور تجربہ کار اوپنر روہت شرما نے اپنی ممکنہ ریٹائرمنٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر پہلی بار کھل کر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی تمام تر توجہ بھارت کی نمائندگی کرنے اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مرکوز ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ روہت شرما نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں شاندار 138 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ لارڈز میں کھیلا گیا یہ میچ روہت شرما کے ون ڈے کیریئر کا آخری مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے، تاہم بھارتی بلے باز نے ان خبروں کو محض افواہیں قرار دیتے ہوئے انہیں کوئی اہمیت دینے سے انکار کر دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ ان کی بنیادی ذمہ داری بیٹنگ کرنا، میدان میں اتر کر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز سے آج تک وہ اسی مقصد کے لیے کھیل رہے ہیں اور آئندہ بھی یہی عزم برقرار رہے گا۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز سے ہی ان کے بارے میں مختلف افواہیں اور تبصرے ہوتے رہے ہیں اور جب تک وہ کرکٹ کھیلتے رہیں گے، یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کے مطابق ایسی باتیں ان کی توجہ پر اثر انداز نہیں ہوتیں، کیونکہ ان کے لیے سب سے اہم چیز میدان میں اپنی کارکردگی اور ٹیم کی کامیابی ہے۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر کرکٹ کے ساتھ شور شرابا نہ ہو تو کھیل کا مزہ بھی نہیں آتا۔

واضح رہے کہ روہت شرما اس سے قبل بھی اپنی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ 2027 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، جس کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔