فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اسپینش ٹیم وطن پہنچ گئی، تاریخی استقبال

Calender Icon پیر 20 جولائی 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسپین کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کا شاندار استقبال کیا گیا۔

دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپینش ٹیم کا خصوصی طیارہ دارالحکومت میڈرڈ کے ایئرپورٹ پر اترا، جہاں شائقین کی بڑی تعداد اپنے ہیروز کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

طیارے سے سب سے پہلے اسپین کے کپتان روڈری ہاتھوں میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھامے باہر آئے۔ تاریخی کامیابی کے بعد ان کے چہرے پر خوشی اور فخر نمایاں تھا، جبکہ ایئرپورٹ پر موجود شائقین نے زبردست نعروں اور تالیاں بجا کر ٹیم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اور اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ کھلاڑیوں نے شائقین کی محبت کا جواب ہاتھ ہلا کر اور ٹرافی لہرا کر دیا، جبکہ پورا ماحول جشن میں تبدیل ہوگیا۔

یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 1-0 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد دوسری بار ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی۔

اس تاریخی فتح کے بعد اسپینش ٹیم نہ صرف اپنے ملک میں بھرپور جشن منا رہی ہے بلکہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین بھی اس شاندار کامیابی کو سراہ رہے ہیں۔ عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد اسپین آئندہ چار برس تک فٹبال کی عالمی چیمپئن ٹیم کے طور پر اپنا اعزاز برقرار رکھے گی، جبکہ ٹیم کی وطن واپسی پر ملک بھر میں جشن کا سلسلہ جاری ہے۔