آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم چھٹے نمبر پر آگئے

Calender Icon بدھ 22 جولائی 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹس کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اسی فہرست میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بھی دو درجے ترقی کرتے ہوئے 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے معمولی فرق سے دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں قومی لیگ اسپنر ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی دو درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 20 بولرز میں جگہ بنا لی ہے۔

ٹی20 بولرز کی رینکنگ میں بھی ابرار احمد دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔

ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلے گئے، تاہم شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد پہلی مرتبہ ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دوسری جانب ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو قومی ٹیم کی عالمی سطح پر مضبوط موجودگی اور بہتر ہوتی ہوئی فارم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں سے قبل ٹیم کے اعتماد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔