وزیر تعلیم کے استعفے پر سوناکشی سنہا کا منفرد ردعمل، جین زی کو خراجِ تحسین پیش کیا

Calender Icon ہفتہ 25 جولائی 2026

ممبئی: بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد ایک منفرد ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے نوجوان نسل جین زی (Gen Z) کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سوناکشی سنہا خوشگوار موڈ میں نظر آئیں۔ انہوں نے کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک بھی کی اور نوجوانوں کے بارے میں اپنی سابقہ رائے پر مزاحیہ انداز میں معذرت کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام میں سوناکشی سنہا نے کہا کہ وہ پہلے سمجھتی تھیں کہ جین زی صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے، جلد تھک جاتی ہے اور عملی طور پر کچھ نہیں کر سکتی، لیکن حالیہ واقعات نے ان کی یہ سوچ بدل دی۔

اداکارہ نے کہا، “میں جین زی کو سلام پیش کرتی ہوں۔ آپ لوگوں نے ثابت کر دیا کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو نوجوان تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔ اب تو میرا بھی دل چاہتا ہے کہ میں جین زی کا حصہ بن جاؤں۔

مزید پڑھیں:سچ کے ساتھ کھڑا ہوں : بھارتی اداکار پرکاش راج کا طلبہ کے احتجاج پر بیان

سوناکشی سنہا نے مزید کہا کہ “میں ایک فنکار ہوں، لیکن جین زی خود ایک آرٹ ہے۔ آپ لوگوں نے اپنی طاقت، اتحاد اور عزم کا عملی مظاہرہ کیا ہے، جس پر مجھے فخر ہے۔”

دوسری جانب اداکارہ کی اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث بھی شروع ہو گئی۔ بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ سوناکشی سنہا وزیر تعلیم کے استعفے کے فوراً بعد ایک خصوصی ریل شیئر کرنے والی پہلی معروف شخصیات میں شامل تھیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض پوسٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے طلبہ احتجاج سے متعلق روزانہ اسٹوریز اور ریلز شیئر کر رہی تھیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

اداکارہ کی اس سرگرمی پر صارفین کی رائے بھی منقسم دکھائی دی۔ کئی افراد نے نوجوانوں کی حمایت پر ان کی تعریف کی، جبکہ بعض نے ان کے مؤقف اور سوشل میڈیا سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے۔ تاہم سوناکشی سنہا نے ان تنقیدوں یا دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔