واٹس ایپ صارفین ہوشیار پی ٹی اے نے ہیکنگ سے بچاؤ کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں

Calender Icon ہفتہ 25 جولائی 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ، سائبر فراڈ اور غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم سیکیورٹی ہدایات جاری کرتے ہوئے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کریں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر مجرم مختلف طریقوں سے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، تاہم چند آسان سیکیورٹی فیچرز فعال کر کے صارفین اپنے اکاؤنٹس کو زیادہ محفوظ بنا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:ہماری 9 ہزار سائٹس پر چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں، چیئرمین پی ٹی اے انکشاف

 

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واٹس ایپ کا سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر ضرور فعال کریں۔ اس کے لیے واٹس ایپ کیSettings میں جا کر Account کے بعد Security Notifications کے آپشن میں موجود Show Security Notifications کو آن کیا جائے۔ اس فیچر کی مدد سے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی سے متعلق کسی بھی تبدیلی کی فوری اطلاع صارف کو موصول ہو جائے گی۔

پی ٹی اے نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک کریں تاکہ اگر اکاؤنٹ ہیک ہو جائے یا کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہو تو اس کی بحالی آسانی سے ممکن ہو سکے۔

بیان میں ٹو اسٹیپ ویریفکیشن (Two-Step Verification) کو لازمی فعال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ اضافی حفاظتی فیچر ہیکرز اور سائبر مجرموں کو اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک، نامعلوم پیغام یا ویریفکیشن کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ معمولی سی غفلت بھی سائبر فراڈ، ذاتی معلومات کے ضیاع اور مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کر کے صارفین نہ صرف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ بلکہ اپنی ذاتی معلومات، رابطوں اور ڈیجیٹل زندگی کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔