ایپل کا نیا اپ گریڈ پلان متعارف، آئی فون سمیت دیگر ڈیوائسز آسان اقساط پر دستیاب

Calender Icon جمعرات 30 جولائی 2026

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کے لیے نئی فنانسنگ سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب آئی فون سمیت مختلف ایپل ڈیوائسز آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کی جا سکیں گی۔

ایپل نے اس نئی سہولت کو ایپل اپ گریڈ پلان کا نام دیا ہے، جو سابقہ آئی فون اپ گریڈ پروگرام اور آئی فون پیمنٹ پلان کی جگہ متعارف کرایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صارفین کے لیے جدید ایپل مصنوعات تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔

ایپل نے یہ پروگرام مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ صارفین ایپل کی آفیشل ویب سائٹ، ایپل اسٹور ایپ یا کمپنی کے ریٹیل اسٹورز کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

درخواست دینے کے بعد Klarna صارف کی اہلیت جانچنے کے لیے سافٹ کریڈٹ چیک کرے گی، جس سے صارف کے کریڈٹ اسکور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

کمپنی کے مطابق نئے پروگرام کے تحت بیشتر نئے آئی فون، میک، آئی پیڈ اور ایپل واچ ماڈلز لیز پر دستیاب ہوں گے، تاہم کچھ مصنوعات اس اسکیم میں شامل نہیں ہیں۔ ان میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، ایپل واچ ایس ای، میک بک نیو، اے16 بیس ماڈل آئی پیڈ اور اسٹوڈیو ڈسپلے شامل ہیں۔

نئے اپ گریڈ پلان میں ایک اہم تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ پہلے کی طرح AppleCare ماہانہ قسط میں شامل نہیں ہوگا۔ صارفین کو اضافی تحفظ کی سہولت حاصل کرنے کے لیے اسے الگ سے خریدنا ہوگا۔ تاہم ایپل کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر 3 فیصد کیش بیک بھی دیا جائے گا۔

ایپل کے مطابق آئی فون کے لیے 12 یا 24 ماہ کی لیز مدت رکھی گئی ہے، جس کی ماہانہ قسط 17.99 ڈالر سے شروع ہوگی۔ ایپل واچ 11.99 ڈالر ماہانہ، میک کمپیوٹرز 24.99 ڈالر ماہانہ جبکہ آئی پیڈ 11.99 ڈالر ماہانہ سے دستیاب ہوگا۔

لیز مدت مکمل ہونے کے بعد صارفین کے پاس تین آپشنز ہوں گے۔ وہ موجودہ ڈیوائس واپس کرکے نیا ماڈل حاصل کرتے ہوئے نئی لیز شروع کرسکتے ہیں، باقی رقم ادا کرکے ڈیوائس مستقل طور پر خرید سکتے ہیں یا ڈیوائس واپس کرکے منصوبہ ختم کرسکتے ہیں۔