یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے والے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، عملے کے 2 افراد جاں بحق

Calender Icon پیر 3 اگست 2026

یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے والے 2 ہیلی کاپٹر(Helicopters) آپس میں ٹکرا گئے، حادثے میں ایک ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں آگ بجھانے کے دوران فائر ڈپارٹمنٹ کے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے نچلے حصے سے ٹکرایا، جس کے بعد وہ دھماکے سے پھٹ کر زمین پر گر گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں ایک ڈنمارک کا پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا افسر جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر کے عملے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

فائر سروس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشنز نے بتایا کہ عملے کے دونوں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

مزید پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پہلے دن پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں پر 239 رنز بنالیے

دوسری جانب، سیکڑوں فائر فائٹرز ایتھنز کے مغرب میں لگی آگ کو شہر کے مضافاتی علاقوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ حکام نے تحقیقات مکمل ہونے تک علاقے میں تمام ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

یونانی وزیراعظم کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک یونان اور ایک ڈنمارک کا پائلٹ شامل ہے۔

اس حادثے کے بعد رواں ہفتے یونان میں جنگلات کی آگ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی، اس سے قبل کریٹ اور پیلوپونیز میں تین فائر فائٹرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔