کویت میں وزٹ ویزا کو رہائشی پرمٹ میں تبدیل کرنے کی نئی فیس مقرر

Calender Icon پیر 3 اگست 2026

کویت(Kuwait) میں وزٹ ویزا کو رہائشی پرمٹ (اقامہ) میں تبدیل کرنے کیلیے نئی فیس کا اعلان کر دیا گیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت میں غیر ملکیوں کے رہائشی قانون میں نئی ترامیم کے تحت وزٹ انٹری ویزا کو باقاعدہ رہائشی پرمٹ میں تبدیل کرنے کیلیے 150 کویتی دینار کی فیس مقرر کر دی گئی،یہ ترمیم سرکاری گزٹ کویت الیوم کے شمارے میں وزارت داخلہ کے فیصلہ نمبر 1091 (2026) کے تحت شائع کی گئی جو رہائشی قانون کے ایگزیکٹو ضوابط کو کنٹرول کرنے والے وزارتی فیصلے نمبر 2249 (2025) کے بعض دفعات پر نظر ثانی کرتی ہے۔

نئی ترمیم کے تحت آرٹیکل 39 کے پیراگراف نو میں ایک نئی شق (4) کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ایگزیکٹو ضوابط کے آرٹیکل 16 کے تحت وزٹ ویزا کو باقاعدہ رہائشی پرمٹ میں تبدیل کرنے کی خدمت کیلیے 150 دینار کی ادائیگی لازمی ہوگی۔

مزیدپڑھیں:برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کا آئینی ڈھانچے میں وسیع اصلاحات کاعندیہ

یہ فیصلہ ایگزیکٹو ضوابط کے آرٹیکل 20 کے مطابق گھریلو ملازمین اور اسی طرح کے دیگر زمروں کو اس فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیتا ہے۔

کویتی وزارت داخلہ نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے کو اپنے متعلقہ دائرہ اختیار کے اندر نافذ کریں، یہ ترمیم سرکاری گزٹ میں اشاعت کی تاریخ سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔