آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ LA-17 حویلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کے حق میں بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کیا۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، رہنماؤں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ جلسہ گاہ ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔
جلسہ گاہ آمد پر چوہدری محسن عزیز نے رانا ثناء اللہ اور انجینیئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقررین نے جلسے کو تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا بڑا سیاسی پاور شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔
رانا ثنا اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حویلی کا تاریخی جلسہ کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کے نعروں نے کشمیری عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو کمزور نہیں کر سکے، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دیا۔
مزیدپڑھیں:شہباز گل نے عمران خان کے موبائل چوری کر کے بگڈ فون دیا، شفیع جان کا تہلکہ خیز دعویٰ
رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے 2 مراحل میں واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے اور حکومت سازی کے لیے درکار 23 نشستوں کے مقابلے میں پارٹی کے پاس 24 نشستیں موجود ہیں، اس لیے مہاجرین کی نشستوں کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مظفرآباد اور میرپور کے بعد حویلی بھی مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے گا۔
تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ اکیلےرانا ثنا اللہ نے کشمیر میں بازی دی
ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے
ایل او سی سے چند سو میٹر دور ضلع حویلی کے جلسہ عام میں کشمیریوں کا دبنگ پیغام کالعدم ایکشن کمیٹی کیلئے
یہ صرف رانا ثنا اللہ کا جلسہ ھے نہ نواز شریف موجود ہے نہ مریم نواز موجود ہے pic.twitter.com/pxevLWCFCg— Shakil Bashir (@ShakilBash69920) August 7, 2026
انہوں نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہونے سے آزاد کشمیر کی ترقی مزید تیز ہوگی، نواز شریف ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرائیں گی۔ انہوں نے حاضرین تک مریم نواز کا سلام پہنچاتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد حویلی آ کر عوام کا شکریہ ادا کریں گی۔
رانا ثنا اللہ نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی نے شکست واضح ہونے پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، تاہم کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کو انتخابات میں دھاندلی کی طاقت یا گنجائش حاصل ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ حویلی ان کا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے عوام سے ان کا تعلق محبت اور اعتماد پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو پیشگی مبارکباد دینے آئے ہیں کیونکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، جبکہ 10 اگست کے بعد چوہدری محسن عزیز عوام کے وزیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے بھی اہلیان حویلی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کا انتخاب کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کو سبز باغ دکھانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی عوامی مقبولیت میں کمی کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام حکومت پاکستان کا قومی فلاحی منصوبہ ہے، کسی سیاسی جماعت یا فرد کی ذاتی ملکیت نہیں، اور مستحق افراد کو بلاامتیاز سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے راولاکوٹ دھرنے کے شرکا کو جمہوری عمل میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چند ہزار افراد کا اجتماع عوامی مینڈیٹ پر غالب نہیں آ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فیصلہ صرف ووٹ سے ہوتا ہے، دھرنوں سے نہیں، اور ایسے احتجاج پونچھ ڈویژن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
امیر مقام نے لائن آف کنٹرول کے عوام کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ ایل او سی کے علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے قومی سلامتی پر کسی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
جلسے کے اختتام پر ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ اور ’پاکستان زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جبکہ مقررین نے عوام سے 10 اگست کو بھرپور ٹرن آؤٹ کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ جلسے میں نو منتخب اراکین اسمبلی سمیت مسلم لیگ (ن) کے متعدد رہنما اور کارکن بھی شریک ہوئے۔













جمعہ 7 اگست 2026 

