لاہور: پاکستان بار کونسل کے 250ویں اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام صرف آئین، پارلیمانی عمل اور قومی اتفاقِ رائے کے مطابق ہونا چاہئے۔
پاکستان بار کونسل کا 250واں اجلاس وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چشتی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون،طاہر نصر اللہ وڑائچ، عامر سعید راں سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین پاکستان، پارلیمانی طریقہ کار اور قومی اتفاقِ رائے کے مطابق ہونا چاہئے اور اس معاملے کو سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفاد کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔
پاکستان بار کونسل نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر قومی مفاد میں بامعنی مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ آئینی تقاضوں کے مطابق قابلِ قبول اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ایک قومی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس میں پارلیمان میں موجود سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، تمام صوبائی بار کونسلوں، قانونی ماہرین اور متعلقہ حلقوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قومی سیمینار کا مقصد وفاق کو مزید مضبوط بنانا، بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا اور نئے صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے تاکہ مستقبل میں اس اہم آئینی مسئلے پر جامع اور قابلِ عمل پیش رفت ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیں:بھارتی لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کی سرجری، اب حالت کیسی ہے؟
پاکستان بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ صرف آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت ہی آگے بڑھایا جانا چاہئے اور اس حوالے سے قومی مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔













جمعہ 7 اگست 2026 

