ایچ بی ایف سی ایل نجکاری میں اہم پیشرفت، پی ایم جی کنسورشیم سے معاہدہ

Calender Icon اتوار 9 اگست 2026

اسلام آباد: ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) کی نجی کاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نجکاری کمیشن اور کے پی ایم جی کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے درمیان مالیاتی مشاورتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ترجمان نجکاری کمیشن عمران غزنوی کے مطابق ایچ بی ایف سی ایل کی نجی کاری کے لیے ’’ فنانشل ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (FASA)‘‘ پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔ کے پی ایم جی کی سربراہی میں قائم کنسورشیم میں برج فیکٹر، حیدر موٹا اینڈ کمپنی، ایچ آر ایس جی اور ایشیاٹک پی آر شامل ہیں۔

معاہدے کے تحت مالیاتی مشیر کمپنی کی ڈیو ڈیلیجنس، ویلیوایشن اور ٹرانزیکشن اسٹرکچر تیار کرے گا جبکہ مارکیٹنگ سمیت نجی کاری کے تمام مراحل میں نجکاری کمیشن کو معاونت فراہم کرے گا۔

عمران غزنوی نے بتایا کہ ایچ بی ایف سی ایل کی نجی کاری کی یہ’’دوسری کوشش‘‘ہے۔ گزشتہ کوشش واحد بولی دہندہ کی پیشکش ریفرنس پرائس سے کم ہونے کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق نجی کاری کا بنیادی مقصد ہاؤسنگ فنانس کے شعبے کو مزید فعال اور متحرک بنانا ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے کم اور متوسط آمدن والے طبقات کے لیے گھر کی تعمیر یا خریداری کے لیے مالی سہولتوں تک رسائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں:صوابی ،کم نرخ پر تمباکو کی خریداری کیخلاف کاشتکار سراپا احتجاج، تمباکو نذر آتش

انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے عمل کو شفاف انداز میں آگے بڑھائے گا۔