کراچی: ورلڈ کپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سامنے آگئی ہیں، دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ایک بار پھر براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ورلڈ کپ 2027 کے لیے دو میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے سمیت ٹاپ 8 ٹیموں کو براہِ راست میگا ایونٹ میں جگہ بنانا تھی، جبکہ افغانستان نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی براہِ راست نشست پکی کرلی۔
براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش، جنوبی افریقا، زمبابوے اور افغانستان شامل ہیں۔
دوسری جانب دسویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کو کٹ آف ڈیٹ تک بھارت کے خلاف 2 ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، تاہم دونوں میچز میں کامیابی بھی ویسٹ انڈیز کو براہِ راست ورلڈ کپ میں پہنچانے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کو اب فروری میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرنا ہوگی۔ ویسٹ انڈیز مسلسل دوسری مرتبہ کوالیفائر مرحلے میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فروری میں ہونے والے کوالیفائرز میں فاتح ٹیم ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں براہِ راست جگہ بنائے گی، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی۔
سپر سیریز کی فاتح ٹیم بھی ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔
یوں سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لیے ورلڈ کپ 2027 تک رسائی کا سفر ایک بار پھر کوالیفائر مرحلے سے شروع ہوگا۔













منگل 11 اگست 2026 

