موسلادھار بارش(Rain) نے جڑواں شہروں میں خطرے کی گھنٹی بجا دی نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا۔
رات ایک بجے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔
نالہ لئی کے کٹاریاں مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی 17.5 فٹ کی سطح تک بلند ہوگیا۔
حکام کے مطابق صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ اور گوالمنڈی میں 15 فٹ سے بڑھ کر 17.5 فٹ ہوگئی۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور ویلج میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 ملی میٹر اور بوکرا آئی 12 میں 45 ملی میٹر بارش ہوئی۔
مزیدپڑھیں:کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع ژوب اور چمن میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.8 ریکارڈ
راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 59 ملی میٹر، پیرودھائی میں 51 ملی میٹر، شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 ملی میٹر جبکہ کچہری چکلالہ کے قریب 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جڑواں شہروں میں بارش کا اوسط ریکارڈ 75.44 ملی میٹر رہا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ گوالمنڈی اور کٹاریاں میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔













بدھ 12 اگست 2026 

