آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت نہیں چلنے دیں گے، پیپلزپارٹی کا فیصلہ

Calender Icon بدھ 12 اگست 2026

پاکستان پیپلزپارٹی(Pakistan Peoples Party) نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں کشمیر میں حکومت سازی سمیت انتخابات سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

پی پی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کسی صورت چلنے نہیں دیا جائے گا۔

حکومت سازی کا عمل روکنے کے لیے پی پی اراکین نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے اور حکمِ امتناعی حاصل کرنے کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم کو آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

مزیدپڑھیں:ائیر انڈیا کے پائلٹ کا چرس پی کر جہاز اڑانے کا انکشاف، ڈوپ ٹیسٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے کوٹلی کے 3 اور مظفرآباد کے 2 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ارکان کا مؤقف تھا کہ ان دو اضلاع میں انتخابات مکمل کیے بغیر آزاد کشمیر میں حکومت سازی آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہ ہوسکے، جبکہ نومنتخب ارکانِ قانون ساز اسمبلی سردار یعقوب، ظفر اقبال ملک اور ماجد خان اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ وادی میں قیامِ امن کے لیے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں۔