اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی متعدد اہم سمریوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کو مختلف اعزازات دینے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس طلب کرنے، قیدیوں کی سزاؤں میں کمی اور سول شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے شہریوں کو قومی اعزازات دینے سے متعلق سمریاں شامل ہیں۔
صدر مملکت نے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے مجموعی طور پر 1172 اہلکاروں کو مختلف اعزازات دینے کی منظوریدے دی۔ یہ اعزازات ملک و قوم کے لیے خدمات، پیشہ ورانہ کارکردگی، فرائض کی انجام دہی اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔
صدارتی منظوری کے بعد متعلقہ ادارے اعزازات دینے کے حوالے سے قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کریں گے۔
صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اگست کو طلب کرنے کی سمری بھی منظور کرلی ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس میں ملکی معاملات، قانون سازی اور دیگر اہم امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ صدر مملکت نے قیدیوں کی سزاؤں میں 100 روز کی معافی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ صدارتی منظوری کے بعد متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت اس سہولت کے حقدار قیدیوں کو فائدہ پہنچ سکے گا۔
صدر مملکت نے سول شعبوں سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات کو بھی قومی اعزازات دینے کی سمری منظور کرلی ہے جنہوں نے ملک و قوم کے لیے مختلف شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔
قومی اعزازات مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیے جائیں گے۔
متعدد اہم سمریوں کی منظوری کے بعد متعلقہ ادارے صدر مملکت کے فیصلوں کی روشنی میں آئندہ قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کریں گے۔













جمعہ 14 اگست 2026 

