واٹس ایپ میں اے آئی فراڈ ڈیٹیکشن فیچر متعارف، مشتبہ چیٹس پر وارننگ ملے گی

Calender Icon جمعہ 14 اگست 2026

اسلام آباد: مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور اسکیمز سے محفوظ رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی نیا اسکام ڈیٹیکشن فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کا مقصد واٹس ایپ پر ہونے والی ممکنہ فراڈ چیٹس کی بروقت شناخت کرکے صارفین کو خبردار کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے آن ڈیوائس اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس کے ذریعے مشتبہ گفتگو کو فلیگ کیا جاسکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے تحت ایک مشین لرننگ ماڈل براہ راست صارف کے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ ہوگا۔ یہ ماڈل ایسے افراد کی گفتگو کا جائزہ لے گا جن کے فون نمبرز صارف کے کانٹیکٹس میں محفوظ نہیں ہوں گے۔

اے آئی ماڈل گفتگو کے انداز، استعمال ہونے والی زبان اور دیگر ممکنہ نشانات کی بنیاد پر یہ اندازہ لگانے کی کوشش کرے گا کہ آیا چیٹ میں فراڈ یا اسکام کے امکانات موجود ہیں یا نہیں۔

اگر سسٹم کسی گفتگو کو ممکنہ فراڈ کے طور پر شناخت کرتا ہے تو واٹس ایپ صارف کے سامنے ایک وارننگ ظاہر کرے گا۔ یہ وارننگ صرف متعلقہ صارف کو نظر آئے گی اور دوسرے فرد کو اس کا علم نہیں ہوگا۔

صارف کو ایسی صورت میں مشتبہ شخص کو بلاک یا رپورٹ کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صارف چاہے تو چیٹ جاری رکھ سکتا ہے یا اسے ٹرسٹڈ قرار دے سکتا ہے۔

اگر صارف کسی چیٹ کو ٹرسٹڈ قرار دیتا ہے تو واٹس ایپ کی جانب سے اس گفتگو کے لیے اسکام الرٹس دکھانے کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق اے آئی ماڈل کو فراڈ اور اسکام کی مختلف علامات کی شناخت کے لیے تربیت دی گئی ہے تاکہ صارفین کو مشتبہ پیغامات اور گفتگو کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جاسکے۔

میٹا نے واضح کیا ہے کہ نئے فیچر کے ذریعے صارفین کی  پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی ۔ کمپنی کے مطابق اے آئی ماڈل ڈیوائس پر کام کرے گا اور صارفین کے ذاتی پیغامات تک کمپنی کو رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

نئے فیچر کا مقصد واٹس ایپ صارفین کو بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ، جعلی پیغامات اور مشتبہ رابطوں سے مزید محفوظ بنانا ہے، جبکہ پیغامات کےاینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی برقرار رہے گا۔