لاہور: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف 16 اگست سے ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 16 اگست کو شام 4 بجے سے لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس جبکہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے شروع کیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالنے یا کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو یہ دھرنا حکومت گرانے کی تحریک میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام سے بھی زیادہ لیوی ٹیکس کی مد میں عوام سے 1567 ارب روپے وصول کیے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی، 16 اگست سے دھرنوں کا آغاز کررہے ہیں تاہم ان کے اختتام کی کوئی تاریخ نہیں دے رہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر اور روٹی کی قیمت 10 روپےمقرر کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اس سے قبل 510 مقامات پر دھرنے دے چکی ہے لیکن ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ اگر حکومت نے دھرنے کے خلاف کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
انہوں نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی اور اشرافیہ کی مراعات ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس اور حکومتی اہلکاروں کے پاس 1300 سی سی سے بڑی گاڑیاں نہیں ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات پر کھربوں روپے خرچ ہورہے ہیں اور اس کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ایک گروپ سے بات کرلی ہے جبکہ دوسرا گروپ اب بھی ہڑتال پر ہے۔ ان کے اپنے مطالبات ہیں اور پیٹرولیم ڈیلرز کے بھی مطالبات ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ عام آدمی کے مطالبات کون پورے کرے گا؟
واضح رہے کہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ہڑتال آج چھٹے روز بھی جاری ہے، جبکہ منی مزدا ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سرکلر روڈ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں گڈز ٹرانسپورٹ کے اڈے بند ہیں اور سامان کی ترسیل بھی معطل ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نبیل طارق کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق منی مزدا ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی ہے، تاہم لاہور سے 80 فیصد سامان کی ترسیل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کرتا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی کے بعد گزشتہ روز ڈیلرز مارجن میں1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
ڈیلرز مارجن میں اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی۔













ہفتہ 15 اگست 2026 

