خیبرپختونخوا میں گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کا جعلی نوٹیفکیشن وائرل

Calender Icon اتوار 16 اگست 2026

پشاور: خیبرپختونخوا کے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی خبر اور دستاویز مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعطیلات کے شیڈول سے متعلق اس جعلی نوٹیفکیشن پر اعتماد نہ کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے گرم علاقوں میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی چھٹیاں 31 اگست 2026 تک بڑھا دی گئی ہیں اور اسکول یکم ستمبر سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔

محکمے نے واضح کیا کہ یہ دستاویز جعلی ہے۔ جعلی نوٹیفکیشن میں محکمہ تعلیم کا نام، سرکاری طرز تحریر اور دیگر تفصیلات اس انداز میں شامل کی گئی تھیں کہ وہ بظاہر اصلی دکھائی دے۔

محکمہ تعلیم نے طلبہ، والدین اور تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کسی بھی خبر یا نوٹیفکیشن پر عمل کرنے یا اسے آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کریں۔

محکمے کے مطابق تعلیمی اداروں اور تعطیلات کے شیڈول سے متعلق تمام مستند معلومات صرف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سرکاری مواصلاتی ذرائع اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے حاصل کی جائیں۔