اداکارہ دیا مرزا نے 20 سال سے فلم کے سیٹ پر آئینہ کیوں نہیں دیکھا؟

Calender Icon ہفتہ 22 اگست 2026

بولی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ دیا مرزا(Dia Mirza) نے اپنے کیریئر سے جڑی ایک ایسی بات بتائی ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے گزشتہ 20 سال سے فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر آئینے میں اپنا چہرہ نہیں دیکھا اور نہ ہی اپنی شکل و صورت کو مانیٹر پر چیک کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایسا کرنے کی ان کی کیا خاص وجہ ہے۔

ٹائمز ناؤ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دیا مرزا نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر شوٹنگ کے وقت اپنا حلیہ یا شکل شیشے میں دیکھنے سے گریز کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 20 سال سے جب بھی وہ فلم کی شوٹنگ کر رہی ہوتی ہیں، انہوں نے کبھی شیشہ نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی کیمرے کے مانیٹر پر جا کر اپنا شوٹ چیک کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے انہیں بہت سکون ملتا ہے۔

عام طور پر ہر اداکار یا اداکارہ اپنا سین مکمل ہونے کے بعد کیمرے کے مانیٹر پر اپنی پرفارمنس دیکھتے ہیں تاکہ یہ معلوم کرسکیں کہ وہ کیمرے میں کیسے نظر آ رہے ہیں، ان کے تاثرات درست ہیں یا نہیں اور ان کی شکل کردار کے مطابق لگ رہی ہے یا نہیں۔ تاہم دیا مرزا نے اپنے کیریئر کے آغاز ہی میں اس معاملے میں ایک مختلف راستہ اختیار کرلیا تھا۔

دیا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے شروع میں ہی یہ بات سمجھ گئی تھیں کہ اپنی شکل و صورت پر بہت زیادہ دھیان دینا ان کے لیے اچھا نہیں ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ اپنی شکل دیکھنے کے بجائے وہ صرف اپنی اداکاری پر پورا دھیان دیں۔

دیا مرزا نے کہا، میں نے ہمیشہ اپنے کردار کے جذبات اور گہرائی پر توجہ دی ہے نہ کہ اس بات پر کہ میں کیسی لگ رہی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم بناتے وقت ظاہری روپ بہت اہم ہوتا ہے، بال، میک اپ اور کپڑے بہت سوچ سمجھ کر بنائے جاتے ہیں تاکہ کردار کی پہچان خراب نہ ہو۔

مزیدپڑھیں:بانی کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ ؛پی ٹی آئی نےتوہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

اپنے لباس کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا، میں ہمیشہ سوچتی ہوں کہ میں اپنے کردار کے لیے کون سے کپڑے پہنوں گی، کس کاریگر نے اس پر کام کیا ہے، اس کا کپڑا کیسا ہے۔ یہ سب باتیں میرے ذہن میں ہوتی ہیں لیکن جب یہ سب طے ہو جاتا ہے تو پھر میں اپنا سارا دھیان اپنی پرفارمنس پر دیتی ہوں۔

دیا مرزا کا یہ بھی ماننا ہے کہ اپنی ظاہری خوبصورتی پر بہت زیادہ سوچنے سے انسان کا ذہنی سکون خراب ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زیادہ سوچنے کی ایک قیمت چکانی پڑتی ہے اور وہ قیمت آپ کا ذہنی سکون ہے، جسے وہ ضائع نہیں کرنا چاہتیں۔

نوجوان لڑکیوں کے نام اپنے پیغام میں دیا مرزا نے کہا کہ آج کل نوجوان لڑکیوں پر اچھے نظر آنے کا بہت دباؤ ڈالا جاتا ہے اور بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ تم اچھی نہیں لگ رہی ہو یا تم سے زیادہ خوبصورت اور بھی بہت سی لڑکیاں موجود ہیں۔

وہ چاہتی ہیں کہ ان کا یہ طریقہ بہت سی لڑکیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے تاکہ وہ اپنی ظاہری شکل کے ساتھ ایک صحت مند تعلق قائم کر سکیں۔