پنجاب میں دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں، جہاں حکمران جماعت ن لیگ کے لیے یہ انتخابات اپنی عوامی مقبولیت جانچنے کا اہم امتحان ہوں گے۔ صوبائی حکومت اپنی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کو بنیاد بنا کر میدان میں اترنے کا دعویٰ کررہی ہے۔
تاہم سوال یہ ہے کہ کیا یہ اقدامات ووٹرز کو ن لیگ کے حق میں فیصلہ کرنے پر آمادہ کر سکیں گے؟ کیا اپوزیشن جماعتیں مقامی سطح پر مضبوط امیدواروں کے ذریعے حکمران جماعت کو چیلنج دے پائیں گی؟ اور کیا بلدیاتی انتخابات میں روایتی سیاسی اثرورسوخ، برادری نظام اور مقامی مسائل ایک بار پھر نتائج پر فیصلہ کن اثر ڈالیں گے؟
اقتدار میں موجود جماعت ایک برتری حاصل ہوتی ہے، احمد ولید
سینیئر صحافی اور سیاسی تجزیہ کار احمد ولید کے مطابق پنجاب میں موجودہ حکومت نے مختلف اضلاع، بالخصوص چھوٹے شہروں اور لاہور کے گردونواح میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن کا اثر عام لوگوں کی روزمرہ زندگی میں نظر آ رہا ہے۔
ان کے مطابق گلیوں کی تعمیر، مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی اور دیگر منصوبے حکومت کے لیے سیاسی فائدہ پیدا کر سکتے ہیں، کیونکہ عام طور پر اقتدار میں موجود جماعت کو انتخابی میدان میں ایک فطری برتری حاصل ہوتی ہے۔
احمد ولید کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو اگرچہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر فائدہ حاصل ہو سکتا ہے، تاہم اپوزیشن جماعتیں بھی مقابلے سے باہر نہیں ہوں گی۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی خصوصاً ان علاقوں میں حکومت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں جہاں ان کا مقامی ووٹ بینک موجود ہے۔
ان کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں قومی اور صوبائی سیاست کے مقابلے میں مقامی عوامل زیادہ اہم ہو جاتے ہیں۔ امیدوار کی ذاتی ساکھ، برادری کا اثرورسوخ اور مقامی دھڑے اکثر جماعتی وابستگی پر بھی سبقت لے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت کئی علاقوں میں انتخابی نتائج کا انحصار سیاسی جماعتوں سے زیادہ مضبوط مقامی امیدواروں پر ہو سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی، جبکہ مقامی نمائندے بھی عموماً اس جماعت کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کے ذریعے ترقیاتی فنڈز اور سرکاری وسائل تک رسائی آسان ہو۔
مزیدپڑھیں:ٹوکیو کے قریب 5.9 شدت کا زلزلہ، 37 افراد زخمی
’تاہم لاہور کے بعض علاقوں اور وہ حلقے جہاں اپوزیشن یا مخالف سیاسی دھڑوں کا اثر موجود ہے، وہاں ن لیگ کے لیے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ ایسے علاقوں میں مقامی سیاست اور امیدواروں کی طاقت انتخابی نتائج کو مختلف سمت دے سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ یوں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کو حکومتی کارکردگی کا فائدہ تو حاصل ہو سکتا ہے، لیکن مقامی دھڑے بندی، اپوزیشن کی حکمت عملی اور امیدواروں کا انتخاب نتائج پر فیصلہ کن اثر ڈال سکتا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کو صرف جماعتی مقبولیت کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں ہوگا، مجیب الرحمان شامی
سیاسی تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہاکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا طریقہ کار روایتی جماعتی مقابلے سے مختلف ہوگا۔
ان کے مطابق پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے بلدیاتی ایکٹ کے تحت انتخابات پارٹی بنیادوں پر نہیں ہوں گے، بلکہ یونین کونسل کی سطح پر براہ راست انتخاب ہوگا۔
ان کے مطابق یونین کونسل میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے 9 امیدوار منتخب ہوں گے، جس کے باعث ابتدائی مرحلے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان براہ راست مقابلے کے بجائے امیدواروں کی ذاتی حیثیت، مقامی اثرورسوخ اور ووٹ بینک زیادہ اہمیت اختیار کر جائے گا۔
مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ اس کے بعد بلدیاتی نظام میں عہدیداروں کا انتخاب بالواسطہ طریقے سے آگے بڑھے گا، اس لیے ان انتخابات کو صرف جماعتی مقبولیت کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق اصل مقابلہ مقامی سطح کے امیدواروں کے درمیان ہوگا، جہاں ذاتی روابط اور مقامی مسائل فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
موجودہ صورتحال میں بلدیاتی انتخابات اہمیت اختیار کرگئے ہیں، ماجد نظامی
سیاسی تجزیہ کار ماجد نظامی کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تیزی کی ایک وجہ ملک میں نئے صوبوں کے حوالے سے جاری بحث بھی ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو مؤخر کرتی رہی، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ انتخابات اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
ماجد نظامی کے مطابق ن لیگ کو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں برتری حاصل ہونے کا امکان ہے، جس کی بڑی وجہ بلدیاتی نظام کا طریقہ کار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات براہ راست جماعتی بنیادوں پر نہیں ہوں گے، بلکہ یونین کونسل کی سطح پر منتخب ہونے والے کونسلرز میں سے ہی چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب بالواسطہ طریقے سے ہوگا۔
ان کے مطابق ایسے نظام میں حکومت کے پاس سیاسی حکمت عملی اور اثرورسوخ کے زیادہ مواقع موجود ہوتے ہیں۔
انہوں ںے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں اگرچہ بعض علاقوں میں حکومت کو چیلنج دے سکتی ہیں، تاہم یہ سمجھنا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو واضح شکست کا سامنا ہوگا، درست نہیں۔
ان کے مطابق حلقہ بندیوں، مقامی سیاسی اثرورسوخ اور حکومتی مداخلت جیسے عوامل بھی انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
ماجد نظامی نے 2015 کے بلدیاتی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں حکمران جماعت کو برتری حاصل رہی تھی، جبکہ اپوزیشن چند علاقوں تک محدود رہی۔
ان کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں عموماً ووٹرز مقامی مسائل، ترقیاتی کاموں اور امیدوار کی ذاتی حیثیت کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں نظریاتی اور ملکی سیاسی صورتحال کی بنیاد پر ووٹ دینے کا رجحان بڑھا ہے، تاہم بلدیاتی سطح پر مقامی عوامل اب بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چھوٹے پیمانے کے انتخابات میں لوگ اکثر اس جماعت یا امیدوار کو ترجیح دیتے ہیں جو مقامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔













پیر 24 اگست 2026 

