کابینہ نجکاری کمیٹی نے 3 ڈسکوز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی

Calender Icon پیر 24 اگست 2026

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے تین ڈسکوز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں فیصل آباد،گوجرانوالہ اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیاں شامل ہیں۔

نائب وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیاہے، اعلامیہ کے مطابق فیصلہ حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کی وسیع تر اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے۔

مالی طور پر پائیدار، فعال اور صارفین کی خدمت سے لیس تقسیم کار کمپنیوں کی بنیاد بنے گی، منصوبے کے تحت اثاثے، پنشن اور ریٹائرمنٹ سمیت واجبات حکومتی کمپنی کو ٹرانسفر ہوں گے، کمپنی اسپیشل پرپز وہیکل حکومت پاکستان کی ملکیت میں قائم کی جائے گی، موجودہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے تمام معاملات اور واجبات ڈسکوز کے ذمے رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت کے ذمے واجبات حکومتی وصولیوں اور واجبات کے فرق سے طے کئے جائیں گے،ڈسکوز کی تنظیم نو کا منصوبہ حکومت کے لیے کسی بھی مالی بوجھ کا باعث نہیں بنے گا، مقصد حکومت کے لیے قدر میں اضافہ کرنا ہے اور قابل عمل لین دین کو یقینی بنانا ہے

اصلاحات کا صارفین، ملازمین، صنعت اور مقامی کمیونٹیز پر براہ راست اثر ہوگا، ملازمین کے مفادات کا مروجہ طریق کار کے مطابق تحفظ کیا جائے گا، اسٹیک ہولڈرز کو لین دین کے ہر مرحلے سے آگاہ رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ نے بجلی بل میں ٹیکسز وصولی کو معطل کر دیا، فریقین کو نوٹس جاری

مشیر وزیراعظم محمد علی نے کہا کہ صارفین کو ریگولیٹری فریم ورک کے تحت تحفظ حاصل رہے گا، بجلی کے نرخوں کا تعین نیپرا اور حکومتی نوٹیفکیشن کے ذریعے ہوتا رہے گا،فیسکو،گیپکو اور آئیسکو مجموعی طور پر 14 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتی ہیں۔