پاور ڈویژن نے درآمدی کوئلے کی خریداری میں خامیوں کی نشاندہی کردی

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

پاور ڈویژن نے درآمدی کوئلے(Coal) کی خریداری کے طریقہ کار میں خرابیوں کی نشاندہی کی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق درآمدی کوئلے کی خریداری سے متعلق نیپرا کو نئی اصلاحی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، نئی گائیڈ لائنز کے تحت خریداری سے پہلے مرحلے میں 380 ملین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔

وزیر توانائی اویس لغاری کی زیرصدارت کوئلے کی خریداری سے متعلق متعدد اجلاس ہوئے، کوئلے کی خریداری کا اصل ڈیٹا، جس میں کنٹریکٹس اور مارکیٹ میں رائج طریقہ کار کاجائزہ لیا گیا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومت درآمدی کوئلے کی خریداری کے شعبے میں اصلاحات کا عمل شروع کر رہی ہے، کوئلے کی درآمد اور ترسیل کے شعبے میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، کوئلے کی خریداری کے لیے بہترین دستیاب رعایت کا اصول متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق کول پاور پلانٹس کو کم ڈسکاؤنٹ دینے والے عالمی سپلائر سےکوئلہ خریدنےکی اجازت نہیں ہوگی، اس سے قبل مختلف پاور پلانٹس ایک ہی کول سپلائر سے مختلف رعایتیں حاصل کرتے رہے، کوئلے کی خریداری پر مختلف پاور پلانٹس کو 25 سینٹ سے 7.12 ڈالر فی ٹن تک مختلف رعایتیں ملیں، ایک ہی سپلائر نے مختلف پاور پلانٹس کو کوئلے پر مختلف رعایتیں دیں، بعض بیک اپ سپلائی معاہدوں میں مرکزی سپلائی معاہدوں سے زیادہ رعایت حاصل کی گئیں۔

مزیدپڑھیں:تیز رفتار آندھی سے ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کھلونوں کی طرح اڑنے لگے، ویڈیو وائرل

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کول پاور پلانٹس نے معاہدے کے باوجود زیادہ رعایت دینے والے سپلائر سے کوئلہ نہیں خریدا، کوئلے کی خریداری کی اضافی لاگت براہِ راست بجلی صارفین پر منتقل ہو رہی تھی۔

اس حوالے سے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن ڈیٹا اور مارکیٹ کے تجزیے کے ذریعے خامیوں کی نشاندہی کر رہا ہے، خامیوں کو مؤثر ریگولیٹری اور پالیسی اقدامات کے ذریعے دور کیا جا رہا ہے۔

اویس لغاری کا کہنا ہے کہ اصلاحاتی اقدامات سے ہونے والی بچت کا براہِ راست فائدہ بجلی صارفین تک پہنچایا جائے گا، کوئلے کی خریداری میں مداخلت کا مقصد تجارتی معاملات میں دخل اندازی نہیں، بجلی کی پیداوار کے لیے ایندھن کی لاگت بجلی صارفین سے وصول کی جاتی ہے، ایندھن کی خریداری مؤثر اور شفاف ہونی چاہیے، پاور ڈویژن کا مقصد غیر ضروری اخراجات ختم کرکےبجلی صارفین کو حقیقی ریلیف دینا ہے۔