پاکستان ویمنز فاسٹ بولر ایمن انور کی فوری انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ

Calender Icon بدھ 26 اگست 2026

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر ایمن انور نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کردی ہے۔

ایمن انور نے جولائی 2016 سے فروری 2023 تک پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 8 ون ڈے انٹرنیشنل اور 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 45 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

فاسٹ بولر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران ون ڈے میں 4 جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 29 وکٹیں حاصل کیں۔

ایمن انور نے جنوری 2010 میں کراچی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے پی سی بی نیشنل انڈر 19 ویمنز چیمپئن شپ میں حصہ لے کر کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

وہ 2018، 2020 اور 2022-23 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے علاوہ 2022 کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کے اسکواڈ کا حصہ رہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایمن انور نے کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھی اور براڈکاسٹر کے طور پر کام کررہی ہیں۔

رواں سال جنوری میں انہوں نے میچ ریفری کا کورس بھی مکمل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے پیر کو نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ڈیبیو کیا۔

ایمن انور کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا کرکٹ سے نیا سفر بھی جاری ہے، جہاں وہ براڈکاسٹنگ کے ساتھ ساتھ میچ ریفری کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہی ہیں۔