بجلی ایک ماہ کے لیے مزید 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جس سے بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے بجلی 2.52 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ بڑھانے کی درخواست پر نیپرا میں آج سماعت ہو گی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں ڈیزل سے بجلی کی پیداوار 50 روپے فی یونٹ جبکہ درآمدی کوئلے سے تیار کردہ بجلی کی پیداواری لاگت 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ اسی طرح درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا تمام اعداد و شمار کا جائزہ لینے اور آج کی سماعت مکمل ہونے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے یا فیصلے کے حوالے سے اپنا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
تین ہفتے قبل بھی نیپرا نے جون کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہو گا، جبکہ اضافی رقم صارفین سے اگست کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نیپرا کے مطابق جون 2026 کے اصل فیول چارجز 8.4641 روپے فی یونٹ جبکہ ریفرنس فیول چارجز 7.7138 روپے فی یونٹ تھے، جس کے باعث فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:پمز سانحہ، چیئرمین قائمہ کمیٹی صحت کا دورہ، تحقیقات خود کرنے کا فیصلہ
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کے بعد ڈیٹا کی جانچ پڑتال مکمل کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔













جمعرات 27 اگست 2026 

