شنِیرا وسیم اکرم کے ساتھ حج پر کیوں نہیں گئیں؟

Calender Icon ہفتہ 29 اگست 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم(Wasim Akram) نے پہلی بار اس بارے میں وضاحت کی ہے کہ ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ان کے ساتھ حج کی ادائیگی کے لیے کیوں نہیں گئیں۔

وسیم اکرم نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی ذاتی زندگی اور دیگر موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اس دوران وسیم اکرم سے سوشل میڈیا پر بار بار پوچھے جانے والے ایک سوال کے بارے میں بھی بات کی۔

وسیم اکرم نے بتایا کہ بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر ان سے پوچھ رہے تھے کہ شنیرا ان کے ساتھ حج پر کیوں نہیں گئیں۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “ میرے خیال میں شنیرا کے لیے پہلا قدم عمرہ ہونا چاہیے تاکہ وہ اس بارے میں اچھی طرح سمجھ سکیں، اس کے بعد ہم حج کے لیے جائیں گے۔“

پوڈکاسٹ کے دوران شنیرا اکرم نے بھی اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ کیوں اس روحانی سفر میں وسیم اکرم کے ہمراہ نہیں تھیں۔

شنیرا کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کو پہلے اکیلے یہ روحانی سفر کرنے کی ضرورت تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر میں ساتھ ہوتی تو وہ حج پر پوری طرح دھیان دینے کے بجائے میرے بارے میں سوچتے رہتے اور میری دیکھ بھال پر ان کی توجہ بٹ جاتی۔

مزیدپڑھیں:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا دورہ، دفاعی پیداوار اور خود انحصاری پر بریفنگ

انہوں نے مزید واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں کبھی بھی وسیم اکرم کے ساتھ حج پر نہیں جاؤں گی۔ بلکہ میں یہ چاہتی تھی کہ وہ وہاں کسی قسم کی توجہ ہٹانے والی چیز کے بغیر صرف عبادت پر دھیان دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انشاء اللہ ایک دن ضرور اکٹھے حج پر جائیں گے۔

پوڈ کاسٹ میں وسیم اکرم نے یہ بھی بتایا کہ حج کا یہ پورا تجربہ ان کے لیے انتہائی شاندار اور زندگی بدل دینے والا تھا اور یہ سفر ان کی طرف سے ان کے اپنے لیے سالگرہ کا ایک بہترین تحفہ تھا۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم اور آسٹریلوی شہری شنیرا اکرم کی شادی اگست 2013 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے، جس کا نام عائلہ ہے۔

شنیرا اپنی پاکستانی شوہر کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے محبت اور پاکستانی عوام کے حق میں آواز اٹھانے کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہیں اور وقتاً فوقتاً ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی رائے سے آگاہ کرتی رہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی مداح انہیں اکثر محبت سے ”قومی بھابھی“ بھی کہتے ہیں۔