روس کا ایران سے دوری اختیار کرنے سے انکار، اسرائیل کو تہران پر امریکی معاشی دباؤ پر تشویش

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

امریکا کی جانب سے ایران پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ اور اس سے دوری اختیار کرنے کے مطالبے پر عالمی سطح پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ روس(Russia) نے واشنگٹن کے اس مطالبے کو صریحاً مسترد کر دیا ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف(Dmitry Peskov) نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکا اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ دیگر ممالک کے تعلقات پر اپنی اجارہ داری قائم کرے یا انہیں احکامات جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے شراکت دار اور دوست موجود ہیں اور ہم ان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور شراکت داری پر مبنی تعلقات کو ناصرف برقرار رکھیں گے بلکہ انہیں مزید مضبوط بھی بنائیں گے۔

چین نے بھی اس سے قبل ایران کو تنہا کرنے اور تعلقات ختم کرنے کے امریکی مطالبات کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے حال ہی میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ تنازع کو ختم کرنے کا سب سے تیز ترین طریقہ یہی ہے کہ کوئی بھی ملک ایرانی حکومت کی معاشی مدد نہ کرے۔

اس کے برعکس یورپی یونین نے باضابطہ طور پر ایران پر معاشی دباؤ ڈالنے کی امریکی مہم میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا کہ ہم یورپی یونین کے اس مضبوط اور بروقت موقف کو سراہتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:اسرائیلی وزیر نے فلسطینیوں کو نکال کر مختلف ممالک میں چھوڑنے کا منصوبہ پیش کردیا

اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بات کو ہر صورت یقینی بنائے گا کہ ایران اپنے جوہری عزائم، ہتھیاروں کے پروگراموں اور پراکسیز کی مالی معاونت کے لیے عالمی مالیاتی نظام کا استحصال نہ کر سکے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پوری دنیا اس وقت ایرانی حکومت کو ایک واضح پیغام دے رہی ہے اور ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک مالی معاونت کے تمام باقی ماندہ ذرائع مکمل طور پر منقطع نہیں کر دیے جاتے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے سخت امریکی اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والے خطرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔

ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ دفاع نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی حالیہ اور شدید معاشی پابندیاں اسے بوکھلاہٹ میں کسی بھی انتہائی اقدام پر مجبور کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے واضح اشارے دیکھ رہے ہیں کہ ایرانی حکومت شدید معاشی دباؤ میں ہے اور انہیں اپنے ہی ملک کے اندر عوامی احتجاج کا سامنا کرنے کا خوف لاحق ہے۔

اسرائیل کاٹز کے مطابق یہی خوف اور بوکھلاہٹ ایران کو شدید نوعیت کا جواب یا خطرناک قدم اٹھانے کی طرف دھکیل سکتی ہے۔